ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مودی حکومت کو بچوں کی زندگی کی بجائے اپنی امیج کی فکر: منیش سسودیا

مودی حکومت کو بچوں کی زندگی کی بجائے اپنی امیج کی فکر: منیش سسودیا

Thu, 20 May 2021 11:58:24    S.O. News Service

نئی دہلی، 20؍مئی (ایس او نیوز؍ایجنسی) دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے مودی حکومت کی جانب سے کورونا مینجمنٹ سے متعلق کی جارہی لاپروائی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک میں وبا کے انتظام کے بجائے بیرون ملک اپنی امیج چمکانے کے ساتھ ساتھ اوچھی سیاست کررہی ہے۔

مسٹر سسودیا نے بدھ کے روز ایک پریس کانفرنس میں مرکز کی بی جے پی حکومت کی جانب سے کورونا مینجمنٹ کے تعلق سے کی جارہی لاپروائی کی شدید مذمت کی۔ اسی کے ساتھ مرکز پر ملک میں وبا کے انتظام کے بجائے بیرون ممالک میں اپنی شبیہ چمکانے میں لگے رہنے کی گھٹیا سیاست کرنے کا الزام عائد کیا۔

انہوں نے کہا کہ جب دہلی کے وزیر اعلیٰ کجریوال نے کورونا وائرس کی تیسری لہر سے بچوں کو بچانے کیلئے مرکزی حکومت سے الرٹ رہنے کی اپیل کی تو مرکز میں بیٹھی بی جے پی نے الرٹ اور محتاط رہنے کی بجائے سستی سیاست کرنا شروع کردی۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر کجریوال نے دو چیزوں کے بارے میں بات کی -

سنگاپور کے اسٹرین اور بچوں کی لیکن مرکز میں بیٹھی بی جے پی نے اس پر جو ردعمل ظاہر کیا ہے وہ واضح کرتا ہے کہ حکومت کو ہندوستان کے بچوں کی فکر نہیں ہے لیکن سنگاپور میں اپنی شبیہ بچانے کی ہے۔مسٹر سسودیا نے کہا کہ آج پوری دنیا میں ایک بار پھر تیسری لہر کے آنے کا خدشہ ہے۔ اس بارے میں دنیا بھر کے ڈاکٹر انتباہ دے رہے ہیں، ہندوستان میں سپریم کورٹ بھی مسلسل آگاہ کر رہی ہے کہ تیسری لہر بچوں کیلئے خطرناک ہوسکتی ہے۔ لیکن پھر بھی مرکزی حکومت کی آنکھوں پر بندھی پٹی کھل نہیں رہی ہے۔ مرکزی حکومت اب بھی سنگاپور کو ایشو بناکر اپنی امیج بنا رہی ہے۔ انہیں ہندوستان کے بچوں کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔

نائب وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری وزارت خارجہ جتنی تیزی سے مسٹر کجریوال کے بیان کے ردعمل ظاہر کرنے کیلئے سرگرم ہوئی اتنی اگر دنیا کے ممالک سے ویکسین لانے میں سرگرم ہوتی تو آج ملک میں بڑوں کے ساتھ ساتھ بچوں کیلئے بھی ویکسین دستیاب ہوتی۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ہندوستان کے بچوں کیلئے اپنی زندگی کو خطرے میں ڈال کر اپنی سیاست میں اور بیرون ملک امیج بنانے میں مصروف ہے۔

دہلی حکومت کو اپنے بچوں کی پرواہ ہے، ہم دہلی کے بچوں کو بچانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کے تمام والدین کو اپنے بچوں کی فکر ہے نہ کہ سنگاپور کی۔ مرکزی حکومت اپنا امیج بنانے کیلئے تیاری کر رہی ہے، انہیں ہندوستان کے بچوں کی فکر نہیں ہے۔نائب وزیراعلیٰ نے مرکزی حکومت سے کہا کہ مرکزی حکومت نے بیرون ملک اپنی تصویر چمکانے کیلئے، ایک پوسٹر لگوانے کیلئے ہمارے بچوں کی ویکسین بیرون ملک میں تقسیم کی لیکن ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ ہمیں اپنے بچوں کی فکر ہے اور ہم ان کے تحفظ کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے ”۔


Share: